کراچی والوں کو مزید تین سال لوڈشیڈنگ بھگتنا ہوگی

364

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں اگلے تین سال تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا جن قابو میں آنے والا نہیں ہے۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی( نیپرا )نے کےالیکٹرک کی 2031 تک کی منصوبہ بندی کو ناکافی قرار دے دیا ہے۔

نیپرا کی جانب سے جاری اسٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ کے مطابق2023 کے بعد بھی کے الیکٹرک کے سسٹم میں بہتری کے امکانات کم ہیں۔

کمپنی پیک ٹائم میں بجلی کی طلب پوری کرنے کے قابل نہیں ہے۔پاور پلانٹس میں خرابی سے بجلی کا بریک ڈاون ہونے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کے الیکٹرک نے 2023 تک سسٹم میں 203 میگاواٹ سرپلس پیداوار کا دعویٰ تو کیا ہے لیکن یہ اضافی پیداوار سسٹم کو تکنیکی طور پرسپورٹ نہیں کرے گی جس کے باعث کراچی والوں کو تین سال تک لوڈشیڈنگ سے نجات ملنا مشکل ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا )نے بجلی کی قلت پر قابو پانے اور پیداوار بڑھانے کیلئے وسائل بروئے کار لانےکی سفارش کی ہے۔

نیپرا کا یہ بھی کہنا ہے کہ کےالیکٹرک کی ریکوری پوزیشن میں 1.62 فیصد بہتری ہوئی ہے لیکن گھریلو صارفین سے وصولیوں کی شرح میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نیپرا رپورٹ میں ہماری کمپنی کی کارکردگی سرکاری کمپنیز سے بہتر ہے۔لائن لاسزاوروصولیوں کی شرح سمیت متعدد شعبوں میں خاطرخواہ بہتری ہوئی ہے۔