سندھ حکومت کا عید کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا اعلان

490

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے گزشتہ روز پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے سے انکار کے بعد آج یوٹرن لے لیا ہے، وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ عید کے بعد کھولی جائے گی۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حفاظتی انتظامات کے تحت ٹرانسپورٹ بحال کرنے کی تیاری شروع کی ہے،حتمی منظوری وزیراعلیٰ سندھ پیرکو دیں گے۔

اویس شاہ کا کہنا ہے کہ ضابطہ کار (ایس او پیز) کے تحت ٹرانسپورٹ بحال کرنے کی تیاری شروع کی ہے، ٹرانسپورٹرز کو ریلیف دینے کیلئے 4 نکاتی سمری تیار کی گئی ہے جس کی حتمی منظوری وزیراعلیٰ سندھ پیر کو اجلاس میں دیں گے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے میڈیا بریفنگ میں بتایا تھا کہ سارے فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں اور ٹرانسپورٹ پر پوری طرح فیصلہ نہیں ہوسکا کہ کھولیں یا نہیں کیونکہ ایک دو صوبوں کو اعتراض ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ سب سے درخواست کرتا ہوں کہ پبلک ٹرانسپورٹ کھول دیں، امریکا اور یورپ میں ہلاکتوں کے باوجود ٹرانسپورٹ اور ائیرٹریفک بند نہیں کی تو ہم نے کیوں کی ہوئی ہے؟

وزیراعظم کے بیان پر اپنے ردعمل میں اویس شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے حکم کا احترام کرتے ہیں مگر پبلک ٹرانسپورٹ نہیں کھول سکتے، روزانہ کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور ایسے میں ٹرانسپورٹ نہیں کُھل سکتی ہے۔

اویس شاہ کا کہنا تھا کہ کیا وزیراعظم پبلک ٹرانسپورٹ کھلوا کر ملک کو ووہان یا اٹلی بنانا چاہتے ہیں؟ خدشہ ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کی وجہ سے ملک اٹلی نہ بن جائے۔

کورونا لاک ڈاون کے سبب مشکلات کا شکار ٹرانسپورٹرز کے لیے سندھ حکومت نے ریلیف پیکج دینے کی تیاری کرلی ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے وزیراعلیٰ کو ارسال کی گئی سمری میں بسوں، رکشہ،ٹیکسی اور مال بردار گاڑیوں کو ٹیکس فیس میں رعایت دینے کی سفارش کی ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے ٹرانسپورٹرز کے لیے عارضی بنیادوں جرمانوں میں 50 فیصد کمی کی سفارش کی ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کی جانب سےوزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ارسال کی گئی سمری میں موٹر وہیکل انسپکشن فیس میں 40 فیصد کمی کی سفارش کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے موٹر وہیکل ٹیکس میں پہلے ہی 25 فیصد رعایت دی جاچکی ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ نے موٹر وہیکل ٹیکس میں رعایت سے فائدہ اٹھانے کیلئے کیٹیگری میں مزید گاڑیاں شامل کرنے اور روٹ پرمٹ فیس بھی 50فیصد کم کرنے کی تجویز دی ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کی سمری کی حتمی منظوری وزیراعلیٰ سندھ دیں گے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر سندھ میں انٹر سٹی اوربین الصوبائی ٹرانسپورٹ 23مارچ سے بند ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے سے متعلق صوبوں کی الگ الگ آراء سامنے آگئی ہیں۔ سندھ اور بلوچستان نے ٹرانسپورٹ مکمل طور پر نہ کھولنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

گزشتہ روز وزیرٹرانسپورٹ سندھ اویس قادرشاہ کا کہنا تھا کہ لگتا نہیں وفاق اپنے ہی فیصلوں پر عمل کررہاہے۔ٹرانسپورٹ کو مکمل طور پر نہیں کھول سکتے۔

وزیرٹرانسپورٹ سندھ نے کہا تھا کہ ٹرانسپورٹ کھولنے سے متعلق ماہرین سے بات چیت کریں گے۔