مقبوضہ کشمیر‘ بھارتی فوج کے مظالم کیخلاف زبردست مظاہرے

110

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو ماہ رمضان المبارک میں نماز جمعہ کی باجماعت ادائیگی سے روکنے، مئی کے مہینے میں معصوم نوجوان معراج الدین شاہ اور کشمیری حزب المجاہدین کے کمانڈر ریاض نائیکو سمیت 11 بیگناہ کشمیریوں کی شہادت کے خلاف لوگ سٹرکوں پر نکل آئے اور بھارتی حکومت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ’’ظالمانہ راج نامنظور‘‘ اور ’’لے کر رہیں گے آزاری‘‘ کے نعرے لگائے تو بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مختلف شہروں میں طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتے ہوئے اندھادھند فائرنگ کی جس سے درجنوں حریت پسند مظاہرین شدید زخمی ہوگئے۔ جنہیں سری نگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال ریفر کردیا گیا۔ بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف اور کشمیری نوجوانوں کے بلاجواز قتل عام کے خلاف ضلع پلوامہ کے راہو اور مران کے علاقوں میں بھارت مخالف مظاہروں میں شدت آگئی اور ہزاروں لوگ سٹرکوں پر نکل آئے اور نعرے لگائے تو بھارتی حکومت کے نیم فوجی دستوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین پر چھرے اور آنسو گیس کے گولے فائر کیے۔ بین الاقوامی خبررساں ایجنسیوں کے مطابق حزب المجاہدین کے کمانڈر ریاض نائیکو کی شہادت کی اطلاع پوری مقبوضہ وادی میں جنگل کی آگ کی طرح پھیلی تو بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ مزید تیز ہوگیا۔ اسلام آباد، پلوامہ، بڈگام اور دیگر علاقوں میں لوگ بھارتی فورسز کی عاید کردہ پابندیوں کو توڑ کر سڑکوں پر نکل آئے ۔آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سینئر حریت رہنما عبدالغنی بٹ نے ہفتے کو سری نگر سے اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کے مظالم میں شدت آتی جا رہی ہے جس کی وجہ سے ایٹمی قوت کے حامل دونوں ہمسایہ ممالک پاکستان اوربھارت کے مابین جنگ کے خطرات بڑھتے بھی جا رہے ہیں۔