پاکستان کا دورہ انگلینڈ طے پا گیا،ٹیم جولائی میں روانہ ہوگی

149

اسلام آباد(جسارت نیوز) پاکستان اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے درمیان تفصیلی ٹیلی کانفرنس ہوئی ہے، جس میں پاکستان کے دورہ انگلینڈ کے بارے میں مثبت پیش رفت سامنے آئی۔ذرائع کے مطابق پاکستان کی ٹیم جولائی کے شروع میں انگلینڈ پہنچے گی، پاکستانی ٹیم کو چارٹرڈ فلائٹ سے انگلینڈ لایا جائے گا، جس کے تمام اخراجات انگلینڈ بورڈ ادا کرے گا اور پاکستانی ٹیم گراؤنڈ کے اندر ہوٹل میں قیام کرے گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز 5 اگست سے ہوگا، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے جائیں گے جو ستمبر میں ہوں گے۔قبل ازیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیگٹو وسیم خان اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے ای سی بی کے ساتھ ٹیلی کانفرنس میں شرکت کی، جب کہ انگلینڈ کی جانب سے ٹام ہیری سن اور کوچ کرس سلوروڈ نے شرکت کی۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ کرونا وبا کے پیش نظر کرکٹ کھیلنے والے ممالک کو متحد ہو کر چلنا ہوگا۔خیال رہے کہ رواں ماہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے بند دروازوں کے پیچھے بغیر شائقین کے انگلینڈ سیزیز کروانے کا مشورہ دے دیا تھا۔ادھر انگلش کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ کو بچانے کے لیے 8 مئی کو ائسولیشن میں جانے کا فیصلہ کیا تھا، بتایا گیا تھا کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے پہلے انگلش کرکٹ ٹیم ایک ماہ تنہائی میں رہے گی، اس دوران کھلاڑی کسی سے ملاقات نہیں کریں گے۔