جرمنی میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ فٹبال لیگ کا اعلان

97

برلن(جسارت نیوز) جرمنی میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد جرمن فٹبال لیگ نے 16 مئی سے مقابلے شروع کرنے کا اعلان کردیا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق جرمنی کی حکومت لاک ڈاؤن کے بعد کرونا کا پھیلاؤ روکنے میں خاصی حد تک کامیاب ہوئی جس کے بعد ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی۔جرمن فٹبال لیگ ’بنڈسلیگا‘ نے 16 مئی سے فٹبال لیگ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ایونٹ کے تمام میچز تماشائیوں کے بغیر ہوں گے اور اسٹیڈیم میں آفیشلز کے علاوہ کسی کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔رپورٹ کے مطابق بنڈسلیگا لیگ سیزن کا آغاز کرنے والی اْن بڑی لیگز میں سے ایک ہے جو کرونا کی شدت میں کمی آنے کے بعد باقاعدہ سرگرمیوں کا آغاز کررہی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لیگ 2019/2020 کے دوران مختلف ٹیموں کے مابین 26 میچ کھیلے جائیں گے، مقابلوں میں 18 ٹیمیں حصہ لیں گی۔جرمن فٹ بال لیگ کو اس وبائی مرض سے بچاؤ کے لیے جرمن جانسلر انجیلا مرکل اور دیگر 16 ریاستوں کے رہنماؤں کو تفصیلی حفاظتی انتظامات کا ایک غیرمعمولی منصوبہ پیش کرنا ہوگا۔بنڈ سلیگا کے چیف ایگزیکٹو افسر کرسچیئن سیفرٹ نے خبردار کیا ہے کہ لیگ کے مقابلوں کے دوران تماشائی اسٹیڈیم میں موجود نہیں ہوں گے۔