سیاسی عناصر حکومت پر کرپشن کے بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں

109

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ کچھ سیاسی عناصر حکومت پر کرپشن اور غفلت کے بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں، صوبے میں مثالی سول ملٹری تعلقات قائم ہیں سمارٹ لاک ڈاؤن میں توسیع اور پبلک ٹرانسپور ٹ کھولنے کا فیصلہ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا جائیگا۔ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے کہا کہ حکومت روز اول سے کورونا وائرس سے بچاؤ اور ریلیف کی کوشش کر رہی ہے کچھ سیاسی عناصر کی جانب سے حکومت پر بدعنوانی اور غفلت برتنے کے لیے الزامات لگائے گئے ہیں جنکی تردید کرتا ہوں یہ عناصر ہمارے حوصلے پست اور عوام کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے میں کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں ڈی جی پی ڈی ایم اے سمیت ایک کمیٹی کے جس کی منظوری سے تمام سامان خریدا گیا، ایسا نہیں ہے کہ ڈی جی پی ڈی ایم اے خود چیک بانٹ رہے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاثر دیا گیا کہ تفتان دوسرا ووہان ہے، صوبائی حکومت نے محدود وسائل میں رہتے ہوئے 10 ہزار زائرین کو سہولیات فراہم کیں، اس میں وزیر اعظم اور پاک فوج نے صوبائی حکومت کی معاونت کی، جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تفتان سے زیادہ وائرس غیر ذمے داری کا مظاہرہ کرنے پر فضائی راستوں سے آنے والے افراد کی اسکریننگ نہ کرنے سے پھیلا ہے، ہمارے صوبے کی خوش قسمتی ہے کہ یہاں سول ملٹری تعلقات آئیڈیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کیے گئے لاک ڈاؤن کے بہتر اثر ات مرتب ہوئے جس کی وجہ سے لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی۔ علما کرام کے شکرگزار ہیں کہ جنہوں نے رمضان میں ایس او پیز پر عملدآمد کیا، امید ہے عید پر بھی یہ تعاون برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر عملدآمد کرنے میں ہی ہم سب کا فائدہ ہے، گزشتہ روز قانون توڑ کر جلوس نکالنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اگر تاجروں اور عوام نے تعاون نہ کیا تو حکومت کو آنے والے دنوں میں مزید سخت فیصلے لینے پڑھ سکتے ہیں۔ ضیا لانگو نے نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں توسیع اور پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کے حوالے سے فیصلہ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔