پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عیدالفطر تک برقرار رہے گی،وزیر اعظم آزاد کشمیر

128

مظفرآباد ( صباح نیوز)وزیر اعظم آزاد کشمیرراجا محمدفاروق حیدر نے کہاہے کہ آزادکشمیر میں پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عیدالفطر تک برقرار رہے گی ، شہریوں کو بڑی آفت سے بچانے کے لیے ٹرانسپورٹرز نے بڑی قربانی دی، حکومت امدادی پیکیج دیگی ، لاک ڈائون میں دی جانے والی نرمی کا نقصان ہورہا ہے ،کیسز میں اضافہ تشویشناک ہے۔ٹرانسپورٹرزنے آزادکشمیر انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے کرایہ ناموں پر تحفظات کا اظہارکیا۔اتوارکووزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجا محمد فاروق حیدرخان سے عباس قادری اور زاہد القمر کی قیادت میں آزادکشمیر کے ٹرانسپورٹرز نمائندگان نے ملاقات کی ۔ وفد میں مظفرآباد ، باغ ، راولاکوٹ و دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے ٹرانسپورٹرز نمائندگان بھی موجود تھے۔ٹرانسپورٹرز نمائندگان کے ساتھ ہونے والی نشست میں فیصلہ کیا گیا کہ آزادکشمیر میں پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عیدا الفطر تک برقرار رہے گی تاہم حکومت پاکستان کی جانب سے اگر اس میں اس سے قبل نرمی دی جاتی ہے تو اس پر بھی مشاورت کی جائے گی ۔ ٹرانسپورٹرز نمائندگان نے آزادکشمیر میں انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے کرایہ ناموں پر تحفظات کا اظہار کیا جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ عید الفطر کے بعد کرایہ ناموں کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر لاک ڈائون کے دوران ٹرانسپورٹرز کی جانب سے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ شہریوں کو بڑی آفت سے بچانے کے لیے اس طبقہ نے بڑی قربانی دی۔