بھارتی عزائم کیخلاف طویل مدتی حکمت عملی اپنانا ہوگی،وجیہ الدین

143

کراچی(اسٹاف رپورٹر) عام لوگ اتحاد کے چیئرمین جسٹس (ر) وجیہ الدین نے کہا ہے کہ بھارت کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کیلیے طویل مدتی اسٹریٹجی اپنانا ہوگی۔ امریکی بین الاقوامی مذہبی آزادی کمیشن نے بھارت کو مذہبی طور پرتشویشناک ملک قرار دے دیا ہے۔ مگر اس سے کیا ہوتا ہے ،کشمیر تو جل رہا ہے،بھارتی مسلمان کورونا وائرس پھیلانے کے ذمے دار ٹھہرائے جارہے ہیں۔ بھارتی فوج کشمیریوں کے گھروں میں گھس کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہے۔ جسٹس (ر) وجیہ الدین نے ایک بیان میں کہا کہ اگربھارت پاکستان سے جنگ کرتا ہے تو ہمیں پتا ہے کہ بھارت کا کشمیر کیلیے زمینی راستہ کہاں سے ہوکر گزرتا ہے اور اسے کاٹنے میں کتنی دیر لگتی ہے۔ ہماری جنگ اور ہمارا مقصد صرف وادیِ کشمیر ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں اور بھارتی مسلمانوں کی تعلیم وتربیت اور ان کو اس نہج پر پہنچانا کہ وہ بھارتی ہندو کا مقابلہ کرسکیں، یہ وہ حکمت عملی ہے جس پر عمل کرکے ہم کشمیر کو نا صرف آزاد کرا پائیں گے بلکہ بھارت کو بھی منہ کی کھانا پڑے گی۔