لاک ڈاون میں محصور دنیا کشمیریوں کا درد محسوس کرے‘ مسعود احمد پوری

91

پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کے دوران ٹاؤن ہال میں خطاب کرتے ہوئے کشمیر کمیٹی جدہ کے صدر مسعود احمد پوری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ وہ پاکستانی سفارت خانے اور قونصل خانے کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ امید ہے کہ اس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی آڑ میں بھارت مقبوضہ کشمیر میں جو ظلم وستم ڈھارہا ہے اور تازہ معلومات کے مطابق مقبوضہ وادی میں انسانیت سوز واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، جنہیں سن کر بہت بے چینی رہتی ہے۔ مودی سرکار کی جانب سے نافذ کی گئی جبری پابندیوں کو کئی ماہ بیت گئے ہیں اور اس دوران قابض فوج کے مظالم کے ساتھ کورونا کی وبا نے بھی کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیاہے۔ سخت ترین ناکا بندی کے دوران 90 لاکھ کشمیری علاج اور خوراک جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ بھارتی فوج کورونا کی صورتحال کو کشمیریوں کی نسل کشی کے لیے استعمال کررہی ہے، جس کے سدباب کے لیے پاکستانی حکومت کو فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے علاوہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے ساتھ مل کر اس مسئلہ پر موثر انداز میں آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔ لاک ڈاون کی وجہ سے دنیا کو سمجھ آ چکی ہے کہ یہ کتنا اذیت ناک ہوتا ہے۔ اس وقت پوری دنیا کشمیریوں کی حالت زار کو زیادہ بہتر انداز میں محسوس کرنے کی پوزیشن میں ہے۔
مسعود احمد پوری نے اپیل کی کہ اس صورت حال کا فائدہ اٹھاتے ہوے تمام بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو مزید موثر انداز میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے سعودی عرب کے نجی اسکولوں کے بارے میں کہا کہ کورونا کی وجہ سے فیسوں میں کمی کی گئی ہے، جس سے لوگوں کو کچھ سہولت ملی ہے۔ اس سلسلے میں سفارت خانہ اور قونصلیٹ کے زیر انتظام اسکولوں کی طرف سے بھی ایسی سہولیات دستیاب ہوں تو بے روزگاری کے اس دور میں پاکستانیوں کے لیے بڑی خدمت ہو سکتی ہے۔