پی پی، ن لیگ ڈرائنگ رو م چھوڑ کر ہماری طرح بازار میں نکلیں ، اجمل وزیر

101

پشاور (اے پی پی) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ ہم ڈرائنگ روم میں نہیں بیٹھے وزیرِاعلی کی قیادت میں گراؤنڈ پر ہیں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی قیادت کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ ٹھنڈے ڈرائنگ روم سے باہر نکل کر ہماری طرح بازاروں کا دورہ کریں تو پتا چلے گا کہ مکمل لاک ڈائون کیا چیز ہے اور اس کے نقصانات کیا ہیں، لیپ ٹاپ کے سامنے بیٹھ کر تقریریں جھاڑنا اور عوام کو ورغلانا آسان کام ہے، اگر اپوزیشن عوام کے ساتھ مخلص ہے تو کورونا کو شکست دینے میں حکومت کا ساتھ دے نہ کہ بے جا تنقید کرے، جب سے وزیراعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالا ہے اسی دن سے انہیں غریب طبقے کی فکر ہے، لاک ڈاون میں نرمی بھی غریب اور دیہاڑی دار طبقے کی مشکلات کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور کے مختلف بازاروں میں حجام اور سیلون شاپس کے دورے کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اجمل وزیر نے کہا کہ حجام اور سیلون شاپس میں ایس او پیز پر عمل درآمد ہو رہا ہے جو خوش آئند بات ہے۔ اس موقع پر انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ جس طرح انہوں نے لاک ڈاون میں حکومت کا ساتھ دیا ہے اسی طرح ایس او پیز پر عمل درآمد میں بھی حکومت کا ساتھ دیں۔ ایس او پیز پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، ایس او پیز پر عمل ہوا تو لاک ڈائون میں مزید نرمی کریں گے، کورونا وائرس کی وبا کے ساتھ رہ کر اس کا مقابلہ کرنا ہے، مختلف اوقات میں مختلف کاروبار کھولنے کا مقصد بیک وقت بازاروں میں رش اور جم غفیر سے بچنا ہے۔