مقبوضہ کشمیر میں جھڑپیں،متعدد بھارتی فوجی ہلاک،پولیس اہلکار بھی مارا گیا

146

سری نگر/مظفر آباد(صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر میں جھڑپوں کے دوران متعدد بھارتی فوجی ہلاک اور مجاہدین شہید ہوگئے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع ڈوڈہ کے علاقے دھڑا گاں پوستہ میں بھارتی فورسز کے ساتھ شدید جھڑپ میں حزب المجاہدین کے ایک جانثار طاہر احمد بٹ عرف عقاب ملنگ پورہ پلوامہ اور ان کے ساتھی شہید ہوئے۔ جھڑپ میں بھارتی فورسز کوبھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔قابض فوج نے لا شوں اور زخمیوں کو ادھمپور فوجی اسپتال لانے کے لیے ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا ۔اس معرکے میں طاہر احمد بٹ عرف عقاب نے بڑی بے جگری کے ساتھ مقابلہ کرکے کئی بھارتی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کردیا۔بھارتی فوج نے ایک فوجی کی ہلاکت اور 3کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔حزب آپریشنل کمانڈر انچیف غازی حیدر نے شہید جانثار طاہر احمد بٹ عرف عقاب کو زبردست خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے مجاہدین بڑی جگری سے جس طرح جدید اسلحہ سے لیس قابض قوتوں کے خلاف لڑ رہے ہیں،دراصل یہی اس جدوجہد کی کا میابی کا برملا اعلان ہے۔ غازی حیدر نے دشمن اور اس کے حاشیہ برداروں پر واضح کیا ہے کہ حصول منزل تک جدوجہد آزادی جاری رہے گی اور کسی کو بھی اپنے حقیر مفادات کی خاطر اس جدوجہدکو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔علاوہ ازیں ضلع کولگام میںایک حملے میں بھارتی پولیس کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حملہ آوروںنے ضلع میں یاری پورہ کے علاقے فرصل میں بھارتی پولیس اور پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک مشترکہ ناکے پر فائرنگ کی جس سے پولیس اہلکار محمد امین بھگت شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی اہلکار کو فوری طورپر نزدیکی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردیا۔