عوام ذمے داری نہیں دکھا رہے ،بلوچستان حکومت کا لاک ڈاؤن سخت کرنیکا انتباہ

99

کوئٹہ(صباح نیوز)ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہاہے کہ اگر عوام نے ذمے داری کا مظاہرہ نہ کیا تو لاک ڈائون کو دوبارہ سخت کر دیں گے ۔ لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں لوگ سردیوں سے بچنے کے لیے منہ ڈھانپتے ہیں لیکن وائرس سے بچنے کے لیے ماسک استعمال نہیں کرتے، عوام سے درخواست ہے کہ ماسک کا استعمال لازمی کریں اور کورونا سے محفوظ رہیں۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سے بھی تعاون کی اپیل ہے،5بجے تک چھوٹی دکانیں اور بڑے مالز کھلے رہیں گے لیکن ایس او پیز کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، تاجر تنظیموں سے گزارش کی ہے کہ 4 سے زائد کسٹمر دکانوں پر نظر نہ آئیں،ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی تو کورونا کا خدشہ بڑھ جائے گا۔ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بھی ایس او پیز پر عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے لیکن پبلک ٹرانسپورٹ سے متعلق فیصلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کریں گے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اسمارٹ لاک ڈائون کو دوبارہ سخت لاک ڈائون میں تبدیل کر سکتے ہیں، عوام ذمے داری کا مظاہرہ کریں ورنہ ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے اسمارٹ سے سخت لاک ڈائون کر دیں گے۔