لاکڈاؤن میں نرمی کورونا پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے،وزیراعلیٰ پختونخوا

115

پشاور(اے پی پی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ لاک ڈائون میں نرمی کی وجہ سے کورونا وباکے پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں اس لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے اور سماجی فاصلوں کو برقرار رکھنے کی ضرورت بھی اب پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے لہٰذا عوام سے اپیل ہے کہ وہ اپنے معمولات زندگی خصوصاً بازاروں میں خریداری کرتے وقت احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور سماجی فاصلوں کو برقرار رکھیں، یہ اس وباسے خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھنے کا واحد موثرذریعہ ہے اور یہی ہم سب کے مفاد میں ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبے کے باشعور شہری اپنوں، اپنے پیاروں اور دوسروں کو اس مہلک وبا سے محفوظ بنانے کے لیے حکومت کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ذمے دار شہری ہونے کا ثبوت دیں گے اور اس سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے موجودہ صورتحال میں لوگوں اور خصوصاً معاشرے کے کمزور طبقوں کو درپیش مالی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے لاک ڈائون میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیاہے لیکن اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ یہ وبا ختم ہوگئی ہے اور حالات معمول پر آگئے ہیں بلکہ اب اس وبا کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کے امکانات بڑھ گئے لہٰذا عوام کو احتیاطی تدابیر کے حوالے سے انتہائی محتاط رہنا ہوگا۔ وزیر اعلی نے کہا ہے کہ ہم صوبے کے معروضی حالات اور زمینی حقائق کے پیش نظر ہرچیز کو مکمل طور پر بند نہیں رکھ سکتے کیونکہ ہمیں کورونا وباکی روک تھام کے ساتھ ساتھ لوگوں کو بھوک سے بچانے کے لیے معیشت اور کاروبار زندگی کا پہیہ بھی چلانا ہے اس لیے ان دونوں صورتحال کے درمیان توازن کو برقرار رکھنا پڑ رہا ہے۔