مطالبات پر عملدرآمد نہ ہونے کیخلاف سندھ بھر میں ینگ ڈاکٹرز نے یوم سیاہ منایا

64

200519-08-
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر صحت سندھ کے ساتھ مذاکرات اور ان کی ہدایت کے باوجود ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ کے مطالبات پر عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف وائی ڈی اے نے کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام اسپتالوں میں پیر کو یوم سیاہ منایا اور سیاہ پٹیاں باندھ کر میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے دفاتر کے سامنے علامتی احتجاج کیا، ینگ نرسز ایسوسی ایشن سندھ اور پیرا میڈکس تنظیموں نے بھی ینگ ڈاکٹرز کے ساتھ احتجاج میں شامل ہونے پر آمادگی ظاہر کردی، احتجاج مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محبوب علی نوناری کے مطابق گزشتہ دنوں وائی ڈی اے اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے جس میں ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے وائی ڈی اے کے تمام مطالبات منظور کرتے ہوئے سیکرٹری صحت کو ہدایت دی تھی کہ وہ ان مطالبات کی منظوری کا فوری نوٹی فکیشن جاری کریں مگر کئی روز گزرنے کے باوجود تا حال محکمہ صحت کی جانب سے کوئی نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر محبوب علی نوناری کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے پھیلی ہولناک وبا میں وائی ڈی اے سندھ حکومت کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہے، ڈاکٹر فرنٹ لائن سپاہی ہیں لیکن انہیں نظر انداز کیا جارہا ہے اس کے برعکس دیگر شعبہ جات کے ملازمین کو ریونیو واپڈا وغیرہ سے بلوں میں کمی سمیت دیگر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں جبکہ فرنٹ لائن سپاہیوں یعنی ڈاکٹرز کا استحصال کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر محبوب علی نوناری کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ان تمام امور پر وائی ڈی اے کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا جس میں یہ طے کیا گیا کہ وائی ڈی اے سندھ بھر کے تمام اسپتالوں میں پیر سے مطالبات کی عدم منظوری کے خلاف ایم ایس کے دفاتر کے سامنے علامتی احتجاج کرنے کے ساتھ ساتھ یوم سیاہ بھی منائے گی۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محبوب علی نوناری نے بتایا کہ ینگ نرسز ایسوسی ایشن سندھ کے رہنماؤں اعجاز علی کلیری، ہیرا لال ہتیش اور پطرس خان اور پیرا میڈکس رہنما اسمعیل جسکانی نے وائی ڈی اے کی قیادت ڈاکٹر عمر سلطان سے ملاقات میں اپنے تعاون اور مطالبات کی منظوری کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور وائی ڈی اے کی قیادت، وائی این اے اور پیرا میڈکس کے درمیان جلد ہی مشترکہ لائحہ عمل تیار کر کے کراچی سمیت سندھ بھر میں بھرپور احتجاج شروع کر دیا جائے گا۔