مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی گھر گھرتلاشی اور محاصرے جاری

107

سری نگر(اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے مختلف علاقوں میں تلاشی اور محاصرے کی پرتشدد کارروائیاں جاری رکھیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسز نے پیر کی صبح ضلع پلوامہ کے علاقے مورن اور اشمندر میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں شروع کیں۔بڑی تعداد میں بھارتی فوجیوں نے دونوں علاقوں کے داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بند ی کر کے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران لوگوں میںخوف و ہراس پھیلایا۔ادھر مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر گہری نظر رکھنے والے سیاسی تجزیہ کاروںنے کہاہے کہ بھارت ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت سری نگر، کپواڑہ ، بارہمولہ ، بانڈی پورہ ، گاندربل ، بڈگام ، اسلام آباد ،پلوامہ ، شوپیاں ، کولگام ، رام بن ، کشتواڑ ، ڈوڈہ، راجوری ، پونچھ اور جموں کے متعدد مسلم علاقوں میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوںکی وجہ سے سیاحت، زراعت ،تعلیم، تجارت ، ٹرانسپورٹ اور دستکاریوں سمیت مقامی معیشت کو تباہ اور لوگوں کے معمولات زندگی کوبری طرح متاثر کرنے پر تلا ہو اہے ۔ دریں اثنا سول سوسائٹی کے ارکان نے گھر گھر تلاشی کی جاری کارروائیوں کے دوران نوجوانوں کو ہراساں اوران کی گرفتاریوں اور تیز رفتار انٹرنیٹ سروس پر مسلسل پابندی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر کی بدترین سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال کا سخت نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔