پبلک ٹرانسپورٹ‘ کرایوں میں 18تا 25 فیصد کمی کی گئی‘اجمل خان

133

پشاور(آن لائن)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیربرائے اطلاعات اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد صوبائی حکومت نے بھی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 18 سے 25 فیصد کمی کی ہے۔وزیراعلیٰ محمود خان نے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز اور تمام اضلاع کی انتظامیہ کو نئے کرایہ ناموں پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اطلاع سیل سول سیکرٹریٹ پشاور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اجمل وزیر نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کے بعد مختلف روٹس کے لیے نیا کرایہ نامہ جاری کیا گیا ہے جس پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک براہ راست پہنچانا ہے۔طے کیے گئے ایس او پیز پر اجمل وزیر نے بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کی تمام گاڑیوں کے درمیان فاصلے کو یقینی بنایا جائے گا۔