ملازمین کی تنخواہوں میں پندرہ فیصد اضافے سے خوشیاں دو بالا ہوگئی،کےایم سی آفیسرز

563

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے کے ایم سی کے تمام افسران اور ملازمین کی تنخواہوں میں گزشتہ جون میں بجٹ کے موقع پر حکومت سندھ کی جانب سے تنخواہوں میں پندرہ فیصد اضافے کی ادائیگی پر میئر کراچی وسیم اختر کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے صدر جمیل فاروقی، جنرل سیکریٹری محمد بلال منظر اور دیگر عہدیداروں نے اپنے بیان میں کہا کہ میئر کراچی نے نیک نیتی کے ساتھ اس مسئلے کے لئے مسلسل جدوجہد کی اور اس حل کیا۔

عید کے موقع پر ملازمین کی تنخواہوں میں پندرہ فیصد اضافے سے ان کی خوشیاں دو بالا ہوگئی ہیں اور وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ اس اضافی رقم کے باعث بہتر انداز میں عید منا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملازمین کا مطالبہ تھا کہ ان کی تنخواہوں میں حکومت سندھ کے اعلان کے مطابق اضافہ کیا جائے۔

میئر کراچی نے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ کو متعدد خطوط لکھ کر مطالبہ کیا کہ وہ ملازمین کی تنخواہوں کے اضافے کے لئے رقم فراہم کریں جس کے جواب میں حکومت نے 10کروڑ روپے کی رقم کے ایم سی کو فراہم کی ہے۔

مزید رقم کی فراہمی کے لئے بھی وزیر اعلیٰ سندھ نے سمری کی منظوری دینے کے لئے اصولی اتفاق کیا ہے۔

کے ایم سی آفیسرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ میئر کراچی کی یہ کوششیں لائق تحسین ہیں اور اپنے افسران و ملازمین کے لئے جس خلوص نیت کے ساتھ انہوں نے کوشش کیں اس کے لئے وہ قابل مبارکباد ہیں۔

تنخواہوں میں پندرہ فیصد اضافے کی ادائیگی سے افسران و ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے اس اقدام کو سراہا ہے۔