سعدیہ راشد کی لیلتہ القدر میں وطن عزیز کے لیےخصوصی دعاؤں کی اپیل

392

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدرسعدیہ راشد نے 27 رمضان المبارک کے حوالے سے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اس دن کی مقدس شب کو عبادات کے دوران کورونا وائرس سے عالمی سطح پر پیدا ہونے والی سماجی و اقتصادی بدحالی کے تناظر میں وطن عزیز کے استحکام، ترقی،قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔

یہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے امتحان ہے اور اس کا واحد حل اللہ سے پناہ مانگنے میں ہے اور ساتھ میں اسلامی احکامات کے مطابق زندگی گزاریں اور میڈیکل پروفیشنل کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ اس وبا سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن پاکستان کے مسلمانوں کے لیے بہت خاص ہے کیونکہ اس تاریخ کو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر قرآن مجید نازل ہوا تھا اور پاکستان معرض وجود میں آیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 1973 سے ہمدرد پاکستان کے تمام ذیلی اداروں میں مذہبی و ملی جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے کیونکہ اس دن کو منانے کی تحریک کے روح روا ہمدرد پاکستان کے بانی و رہنما شہید حکیم محمد سعید ہیں انہوں نے 27رمضان کو بطور یوم آزادی و یوم تشکر منانے کی تحریک کا آغاز کیا۔

کورونا جیسی عالمی وبا سے بچاؤکے لیے ہمیں آنے والی شب قدر کی مبارک ساعتوں میں پورے خشوع و خضوع کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے ہدایت و رہنمائی کے لیے دل کی گہرائیوں سے دعائیں کرنی چاہئیں تاکہ ہمارا ملک مشکل کی اس گھڑی سے نکلے۔