کورونا وائرس کی نئی علامات

557

برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی علامات کی نشاندہی کر دی گئی، بو سونگھنے اور ذائقہ ختم ہونے کو کورونا علامات کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق کسی شخص میں بو سونگھنے کی صلاحیت کم ہونے اور بے ذائقہ ہونے والی علامات کو کورونا وائرس میں شمار کیا جائے گا۔

اب تک تیز بخار، خشک اور لگتار کھانسی، پٹھوں میں تکلیف، گلے کی سوزش اور سردرد کو کورونا علامات کے طور پر لیا جاتا تھا جس کے بعد وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے متاثرہ شخص کو آئیسولیشن میں رکھا جاتا تھا۔

سائنٹیفک ایڈوائزر نے حکومت سے کہا تھا کہ وہ کورونا ہدایات کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے ذائقے کی حِس اور سونگھنے کی صلاحیت ختم ہونے کو بھی کوویڈ -19 میں شمار کریں۔

ایڈوائزر نے مشورہ دیا کہ بے ذائقہ لگنا اور سونگھنے کی حس ختم ہونے والے شخص کو آئیسولیشن میں رکھا جائے اور 7 روز تک یہ علامات ختم ہونے پر ڈسچارج کر دیا جائے البتہ اس بات کا خیال رہے کہ متاثرہ شخص کو تیز بخار، سانس لینے میں دشواری اور مسلسل خشک کھانسی کی شکایات نہ ہوں۔

گزشتہ چند دنوں سے کان، ناک اور گلے کے ڈاکٹرز نے حکومت کو بارہا خبردار کیا تھا کہ کورونا علامات کی فہرست میں مزید علامات کو شامل کیا جانا چاہیے۔