جنید صحرائی اور ساتھی کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت( علی گیلانی کا شاندار خراج عقیدت)

155

سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں افراد نے قابض بھارتی انتظامیہ کی پابندیاں خاظر میں نہ لاتے ہوئے حزب المجاہدین کے اعلیٰ کمانڈر شہید جنید صحرائی کی غائبانہ نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غائبابہ نماز جناہ سرینگر کے علاقے باغات برزلہ میں شہید جنید کے گھر کے باہر ادا کی گئی۔ غائبانہ نماز جنازہ شہید کے والد اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اشرف صحرائی نے پڑھائی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اوردیگر حریت رہنمائوں اورتنظیموںنے جنید صحرائی اوران کے ساتھی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔علی گیلانی نے سرینگر میں جاری بیان میں کہاکہ ہم جنید صحرائی اور اپنی قوم کے تمام بہادرسپوتوں کے عزم و ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں جو آزادی کے مقصد کے لیے اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔علاوہ ازیں بھارتی فورسزنے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران مختلف علاقوں سے درجنوں نوجوان گرفتارکرلیے ہیں۔ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کے جائزہ کے لیے خصوصی نمائندہ مقرر کرے، جموں و کشمیر کے تنازع کے حل کے لیے سلامتی کونسل کی قرادادوں پر عملدرآمد کیا جائے، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے جائزہ کے لیے فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجا جائے۔ بدھ کو کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام مظاہرے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام یادداشت مبصر مشن کو پیش کی گئی۔