لاک ڈائون کی آڑ میں ضلع وسطی کو کچرا کنڈی بنادیا گیا

107

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لاک ڈائون ضلع وسطی کے مکینوں کے لیے وبال بن گیا ہے۔ بلدیہ ضلع وسطی کے محکمہ سینی ٹیشن کے افسران نے لاک ڈائون میں ضلع وسطی کو کچرا کنڈی میں تبدیل کردیا ہے۔ ضلع کی صفائی ستھرائی کے کاموں پر ماہانہ خرچ کیے جانے والے کروڑوں روپے چیئرمین ضلع وسطی کے لیے سوالیہ نشان بن گئے ہیں۔ بلدیہ وسطی میں کی جانے والی بدترین بدعنوانیوں کے باعث امسال ضلع وسطی کے شہریوں کو عید کورونا کے خوف اور گندگی و غلاظت کے ساتھ منانی پڑے گی۔ بلدیہ وسطی کی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث ضلع بھر میں گندے پانی کے تالاب اورکہیں کچرے کے انبار لگے ہیں۔ ضلع بھر میں گندگی اور غلاظت نے علاقہ مکینوں کو شدید اذیت سے دوچار کر رکھاہے‘دوسری جانب بیماریاں پُھوٹنے کاخدشہ بھی ہے۔ سب کچھ نظر آنے کے باوجود شہر کی تقدیر بدلنے کے دعویدار ایم کیو ایم پاکستان کے بلدیاتی نمائندے سیاسی بیان بازی اور بدعنوان افسران کی سرپرستی میں مصرف ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ ضلع وسطی میں نااہل میونسپل کمشنر کی تعیناتی کے بعد صورتحال شدید خراب ہوچکی ہے۔ بلدیہ ضلع وسطی کے محکمہ سینی ٹیشن کے بدعنوانی میں ماہرافسران نے میونسپل کمشنر اور انتہائی اہم عہدے پر تعینات ایک منتخب نمائندے کے ساتھ ملی بھگت کرکے ضلع کو گندگی اور غلاظت کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا ہے۔ ضلع وسطی نیو کراچی زون کے مختلف علاقے مسلم ٹائون سیکٹر الیون ای، لطیف نگر سیکٹر الیون سی ون، سرسید ٹائون سیکٹر الیون سی ٹو، سیکٹر فائیو ایل، سیکٹر فائیو سی، بلال کالونی، نیوکراچی کے مختلف علاقے، بفرزون، گلبرگ زون، دستگیر، فیڈربی ایریاکے تمام بلاکس، سنگم گرائونڈ، النور سوسائٹی، کے بی آرسوسائٹی، ایف بی ایریا بلاک 15 اور لیاری ایکسپریس وے سمیت دیگر علاقوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ جگہ جگہ گندگی و غلاظت اور کچرے کے ڈھیر شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مسلسل درخواستوں کے باوجود کوئی کام کرانے کو تیار نہیں ہے۔