کاروبار کھولنے کی اجازت قابل تحسین ہے ،مو لانا عبد الحق ہاشمی

110

کوئٹہ (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کی جانب سے کاروبار کھولنے کی اجازت قابل تحسین ہے، عوام ان حالات میں زیادہ احتیاط کرتے ہوئے کمزوروں کی مددکریں۔ اس وقت پورے ملک میں تاجر برادری میں شدید بے چینی پائی جاتی تھی اور عوام بھی تذبذب کا شکار تھے۔ عدالت عظمیٰ نے از خود نوٹس کے ذریعے پورا ہفتہ بازاروں کو کھولنے کی اجازت دی ہے، جس سے پورے پاکستان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مساجد میں تراویح، عید نمازوں پر بھی زیادہ سختی نہیں ہونی چاہیے۔ عبادات، فرائض کی ادائیگی سے ہی دلی سکون ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی عاقبت نااندیش پالیسیوں سے کورونا کا خوف عوام پر مسلط کردیا ہے۔ کورونا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد ہونا چاہیے لیکن اس کی آڑ میں غیر ملکی فنڈنگ کو حاصل کرنا اور عوام میں شدید بے چینی اور اضطراب پیدا کرنا کسی بھی حکومت کی جانب سے اچھا اقدام نہیں گردانا جاسکتا۔ عوام کو پریشان کرکے فنڈز کا حصول عوام دشمنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے بھی بالآخر طویل لاک ڈائون کے بعد عوام کی امنگوں کے مطابق مارکیٹیں کھولنے کا تاریخی فیصلہ دیا ہے۔ اب وفاقی حکومت اور صوبوں کو عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے پر فوری عمل درآمد کرنا چاہیے اور عوام پر کورونا کے خوف کو ختم کرنا چاہیے۔ یہ حکومت کی نا اہلی ہے کہ ٹرانسپورٹ چلانے کے اعلان کے باوجود بسیں نہیں چل سکیں۔ جس سے مسافر در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بین الصوبائی آمدورفت کے لیے ٹرانسپورٹ کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔ ٹرانسپورٹرز کے تما م جائز مطالبات کو فوری پورا کیا جائے تاکہ عید پر پردیسی اپنے اپنے شہروں کا رخ کرسکیں۔ تعلیمی اداروں، پرائیویٹ ٹیچرز کے حوالے سے حکومتی غفلت وخاموشی مجرمانہ ہے۔