لاک ڈاون ضلع وسطی کے مکینوں کے لئے وبال بن گیا

528

کراچی(رپورٹ:منیرعقیل انصاری) لاک ڈاون ضلع وسطی کے مکینوں کے لئے وبال بن گیا ہے۔بلدیہ ضلع وسطی کے محکمہ سینٹیشن کے افسران نے لاک ڈاون میں ضلع وسطی کو کچرا کنڈی میں تبدیل کردیا ہے۔

ضلع کی صفائی ستھرائی کے کاموں پر ماہانہ خرچ کیے جانے والے کروڑوں روپے چیرمین ضلع وسطی کے لئے سوالیہ نشان بن گئے ہیں۔

بلدیہ وسطی میں کی جانے والی بدترین بدعنوانیوں کے باعث امسال ضلع وسطی کے شہریوں کو عید کرونا کے خوف اور گندگی غلاظت کے ساتھ منانی پڑے گی۔

بلدیہ وسطی کی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث ضلع بھر میں کہیں گندے پانی کے تالاب اورکہیں کچرے کے انبار لگے ہیں۔ ضلع بھر میں گندگی اور غلاظت نے علاقہ مکینوں کو شدید ازیت سے دوچار کر رکھاہے۔

سب کچھ نظر آنے کے باوجود شہر کی تقدیر بدلنے کے دعویدار ایم کیو ایم پاکستان کے بلدیاتی نمائندے سیاسی بیان بازی اور بدعنوان افسران کی سرپرستی میں مصرف ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ ضلع وسطی میں نااہل میونسپل کمشنر کی تعیناتی کے بعد صورتحال شدید خراب ہوچکی ہے بلدیہ ضلع وسطی کے محکمہ سینٹیشن کے بدعنوانی میں ماہرافسران نے میونسپل کمشنر اور انتہائی اہم عہدے پر تعینات ایک منتخب نمائندے کے ساتھ ملی بھگت کرکے ضلع کو گندگی اور غلاظت کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا ہے۔

ضلع وسطی کی انتطامیہ کے دعووں کے برعکس ناہی روزآنہ کی بنیاد پرضلع کی صفائی ستھرائی کے اقدامات کیے گئے اور نا کچرا کنڈیوں سے کچرا اُٹھایا جارہا ہے۔

جس کے باعث ضلع وسطی کے تقریبا تمام رہائشی علاقوں میں کچرے کے انبار لگ چکے ہیں صفائی ستھرائی اور کچرے کی منتقلی نا ہونے کی وجہ سے ضلع کچرے کا ڈھیر بنانا ہوا ہے۔

تاہم بلدیہ وسطی جس کے تمام بلدیاتی نمائندے ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں شہریوں کو گندگی غلاظت اور کچرے سے نجات دلا کر ضلع کو صاف ستھرا بنانے کے بجائے سیاسی بیان بازی میں مصروف ہیں۔

جس کا فائدہ اُٹھا کر محکمہ سینٹیشن کے افسران نے صفائی ستھرائی کے کاموں کی آڑ میں حسب سابق ماہانہ کروڑوں روپے ٹھکانے لگانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

جس کی وجہ سے ضلع وسطی نیو کراچی زون کے مختلف علاقے مسلم ٹاون سیکٹر الیون ای، لطیف نگر سیکٹر الیون سی ون، سرسید ٹاون سیکٹر الیون سی ٹو، سیکٹر فائیو ایل، سیکٹر فائیو سی، بلال کالونی، نیوکراچی کے مختلف علاقے، بفرزون، گلبرگ زون، دستگیر، فیڈربی ایریاکے تمام بلاکس، سنگم گراونڈ، النور سوسائٹی، کے بی آرسوسائٹی، ایف بی ایریا بلاک 15،لیاری ایکسپریس وے سمیت دیگر علاقوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔

جگہ جگہ گندگی غلاظت اور کچرے کے ڈھیر شہریوں کے لئے مشکلات کا باعث بنے ہوئے ہیں علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے بلدیہ وسطی کے منتخب نمائندے تین سال سے زاید عرصہ گذرجانے کے بعد بھی ضلع کی تعمیر و ترقی سمیت صفائی ستھرائی کے دعوے کر رہے ہیں۔

جبکہ حقیقت منتخب نمائندوں کے دعووں کے برعکس ہے علاقہ مکینوں کی مسلسل درخواستوں کے باوجود کوئی کام کرانے کو تیار نہیں ہے اسی طرح دیگر علاقوں کی مکینوں کی جانب سے بھی یوسی چیرمین کے رویئے کی شکایات کی جارہی ہیں۔

واضح رہے بلدیہ وسطی صفائی ستھرائی اور کچرے کی منتقلی کے کاموں پر ڈاھائی کروڑو روپے خرچ کرتی ہے تاہم ضلع کی موجودہ صورتحال نے ضلع وسطی کے صفائی کی مد میں خرچ کیے جانے والے فنڈ پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔