چیف جسٹس سندھ اسمبلی کا اجلاس طلب نہ کرنے کا نوٹس لیں، فردوس شمیم

120

200522-08-
کراچی (اسٹا ف رپورٹر)سندھ اسمبلی کا اجلاس نہ طلب کرنے پر اسپیکر سندھ اسمبلی کے خلاف قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھ دیا اور چیف جسٹس سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے پر ازخود نوٹس لیں، خط میں موقف اختیار کیا گیا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 54 کے تحت 7 مئی 2020 ء کو سندھ اسمبلی کا اجلاس طلب کیا تھا۔ آئین پاکستان کے تحت اسپیکر اسمبلی کو 14 دن کے اندر اجلاس طلب کرنا لازم ہوتا ہے۔ موجودہ صورتحال کے دوران دیگر اسمبلیوں کے اجلاس ہوئے مگر اسپیکر سندھ اسمبلی نے 20 مئی کو صبح 11 بجے سندھ اسمبلی کا اجلاس طلب کیا مگر منعقد ہونے سے قبل ہی 3 جون تک ملتوی کردیا۔خط کے مطابق اسمبلی اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث سندھ کی صورتحال اور حکومتی کارکردگی پر بحث ہونا تھی کیوں کہ صوبہ سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد اور اموات صوبہ پنجاب کے برابر ہے ۔ کورونا کے نام پر سندھ حکومت نے طویل لاک ڈائون کیا اور ہزاروں تاجروں اور شہریوں کے روزگار کو بند کیا، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سندھ حکومت کی حفاظت کر رہے ہیں۔ سندھ حکومت کی کارکردگی چھپانے کے لیے اسپیکر سندھ اسمبلی اجلاس طلب نہیں کر رہے ہیں، ہم چیف جسٹس پاکستان سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے پر سوموٹو نوٹس لیں اور اسپیکر سندھ اسمبلی کو آئین و قانون کی خلاف ورزی کرنے سے روکیں اور انہیں اجلاس بلانے کے لیے پابند کریں۔