علماکی اپیل پر آج یوم تحفظ حرمین شریفین والاقصی منایاجائیگا

164

200522-08-
لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان علما کونسل و انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کی اپیل پر آج جمعۃ الوداع کو ملک بھرمیں یوم تحفظ حرمین شریفین والاقصی منایاجائے گا۔ اس سلسلے میں مرکزی پروگرام ’’عظمت حرمین شریفین والاقصی کانفرنس‘‘آج ساڑھے12 بجے جامعہ منظور الاسلامیہ کینٹ صدر لاہور میں زیر صدارت مرکزی چیئرمین پاکستان علما کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی منعقد ہوگی۔ علاوہ ازیں اس موقع پر ملک بھر میں علما و مشائخ، ائمہ و خطبا اجتماعات جمعہ میں کشمیر و فلسطین سمیت دنیا بھرکے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کریں گے اور حرمین شریفین کی عظمت، دفاع اور سلامتی کے لیے تجدید عہد کریں گے۔ اس بات کا اعلان چیئرمین پاکستان علما کونسل و جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، ڈاکٹرسعید احمد عنایت اللہ ، علامہ سید ضیا اللہ شاہ بخاری، مولانا محمد خان لغاری، مولانا اسد زکریا قاسمی، مولانا عبدالکریم ندیم، علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا اسید الر حمن سعید ،مولانا محمد اشفاق پتافی و دیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ قائدین نے کہا ہے کہ یوم تحفظ حرمین شریفین منانے کا مقصد عالم اسلام کو درپیش مسائل کا حل تلاش کرنا اور مسلم امہ کی سلامتی ، بقا، استحکام اور وحدت امت کو فروغ دینا ہے تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ الاقصیٰ کی آزادی اور ارض الحرمین الشریفین کے تحفظ اور کشمیر کی آزادی کے لیے پوری امت مسلمہ متحد اور منظم ہے، امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوںگی۔