پاپولر پارٹیاں اقتدار کیلیے بھان متی کا کنبہ جوڑتی ہیں‘ لیاقت بلوچ

185

200522-08-
لاہور( نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے الخدمت لاہور زون 160 کے کارکنوں اور میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ کورونا وبا اور لاک ڈائون متاثرین کی فرنٹ لائن پر خدمات دینے والے مجاہد اور قوم کا فخر ہیں جماعت اسلامی اور الخدمت نے ملک گیر منظم اور بروقت خدمات کی سرگرمیاں انجام دی ہیں اور ملک کے طول و عرض میں بلاامتیاز تمام انسانوں کی خدمت کی ہے ۔ لیا قت بلوچ نے کہاکہ اٹھارویں آئینی ترمیم نہیں ، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی نااہلی ، ناکامی ، کرپشن اور مفاد پرستی سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ کورونا وبا نے حالات میں جہاں تبدیلی پیدا کی ہے ، وہیں پاکستان کا پورا نظام بھی بے نقاب ہوگیا ۔ ریاست سیاسی بندوبست کرتی ہے ، پاپولر پارٹیاں اقتدار کے لیے بھان متی کا کنبہ جوڑتی ہیں اور نام نہاد الیکٹ ایبلز کے ہاتھوں نظام اقتدار بلیک میل ہوتاہے اسی وجہ سے تعلیم ، صحت ، بلدیاتی ، سماجی نظام ناکارہ اور عوام لاوارث ہیں۔ جماعت اسلامی عوام کو منظم کرے گی اور ظالمانہ کرپٹ مفاد پرست نظام سے نجات دلائے گی ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ مسئلہ کشمیر فلسطین اور کشمیر عالم اسلام کے وجود کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ۔ امت کے مسائل حل نہ کر کے عالمی برادری اور عالم اسلام کی قیادت نے مجرمانہ کردار ادا کیاہے ۔ امریکا ، اسرائیل اور بھارت گٹھ جوڑ فلسطین و کشمیر کا مسئلہ ہمیشہ کے لیے دفن کرناچاہتا ہے ۔ صدی کی ڈیل اور مودی فاشزم اقدامات ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں ۔ عالم اسلام ہوش کے ناخن لے ، ایمانی غیرت پیدا کرے اور فلسطین و کشمیر کے مسائل حل کرائے وگرنہ اسلامی دنیا کا مستقبل اور زیادہ انتشار اور تاریکی کا شکار کردیا جائے گا ۔ اس موقع پر عبدالعزیز عابد ، احمد سلمان بلوچ ، فرحان شوکت بھی موجود تھے ۔