کورونا فنڈ سے سود کی ادائیگی عوام سے دھوکا ہے، پیپلزپارٹی

134

200522-08-
اسلام آباد (صباح نیوز) پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیپلزپارٹی کی پارلیمانی جماعتوں نے کورونا فنڈ سے سود کی ادائیگی کے حکومتی فیصلے کی مخالفت کردی، فنڈ کی رقم قرض کی ادائیگی کیلیے استعمال کرنا عوام کے ساتھ دھوکے کے سوا اور کچھ نہیں ہے، تمام حقائق سے پارلیمان اور عوام کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ جاری رہے گا، وزیراعظم خطرناک گیم کھیلنے جا رہے ہیں، سلیکٹڈ وزیراعظم ملک اور عوام کے حال پر رحم کریں، وزیراعظم مستعفی ہوکر ملک کے مستقبل کو بچائیں۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹ میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی رہنما شیری رحمان، پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات ایم این اے ڈاکٹر نفیسہ شاہ اور سینیٹر بہرامند تنگی نے اپنے بیانات میں کیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کے کورونا فنڈ اکاؤنٹ سے 10 ارب روپے قرض ادائیگی کیلیے خرچ کرنے کے فیصلے کو عوام کے ساتھ دھوکا قرار دے دیا ہے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ حکومت کا غریبوں کی امداد کی بجائے اپنی نااہلیوں کا بوجھ عوام کے پیسوں سے اتارنے کا فیصلہ باعث تشویش ہے، پیپلز پارٹی شروع دن سے معاملے پر سوالات اٹھاتت ہوئے تمام حقائق سے پارلیمان اور عوام کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کرتی رہی ہے، حالیہ فیصلہ پیپلز پارٹی کے خدشات کو درست ثابت کرتا ہے۔ حکومت کے کورونا فنڈ کے نام پر عوام سے جاری فراڈ کے حقائق اب سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ حکومت کورونا فنڈ کی رقم اور اخراجات سے متعلق تمام تفصیلات سامنے لائے اور بتایا جائے کہ کتنی رقم کہاں کہاں خرچ کی گئی ہے۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرامند تنگی نے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ کورونا فنڈ کو ذاتی مقاصد کیلیے استعمال کرنا عمران خان کا ایک اور ناکام ترین اقدام ہے، عمران خان کو لوگوں کے مرنے کی نہیں اپنی حکومت کی فکر ہے۔