بدقسمت طیارے کے 2 مسافر وں کی زندگی معجزانہ طور پر بچ گئی

535

کراچی(اسٹاف رپورٹر)حادثے کے باعث تباہ ہونے والے پی آئی اے کے بدقسمت طیارہ میں سوار صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود اور ایک زبیر نامی نوجوان معجزانہ طور پر زندگی بچانے میں کامیاب ہو گئے ہے۔

معجزانہ طور پر طیارہ حادثے میں بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود محفوظ رہے اور انہیں نجی ہسپتال
دارالصحت منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے، بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود لاہور سے کراچی آرہے تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بینک آف پنجاب کے صدر کی دارالصحت میں عیادت کی۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ظفر مسعود سے انکی خیریت دریافت کی۔

وزیراعلیٰ نے ظفر مسعود کو آواز دی، ظفر مسعود نے جواب دیا۔شکریہ ، اللہ پاک نے رحم کیا۔ مراد علی شاہ نے کہاآپ آرام کریں ، میں پھر خیریت دریافت کرنے آوں گا۔

دوسری جانب جہاز میں سوار ایک اور زبیرنامی نوجوان کی زندگی بھی بچ گئی، اس وقت سول اسپتال برنس سینٹر میں زیر علاج ہیں۔

محمد زبیر نے طیارہ کو حادثہ پیش آنے کے بعد کھڑکی توڑکرچھلانگ لگائی، پیپلزپارٹی رہنما سعید غنی اور ناصر حسین شاہ نے محمد زبیر کی عیادت کی ہے۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد زبیر انجینئر ہیں اور یہ جہاز کے اندر ہی تھے،محمد زبیر انکا نام ہے اور ہوش وہواس میں ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں پی آئی اے کا مسافر طیارہ لینڈ نگ سے چند لمحے قبل ماڈل کالونی پرگر کر تباہ ہو گیا ہے۔

ایئربس320 میں99مسافر اور عملے کے8ارکان سوار تھے،مکانوں میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا، جائے حادثے پر امدادی کاروائیاں جاری،اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذہے۔ وزیراعظم عمران خان کا طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔