جماعت اسلامی سندھ کے تحت صوبے بھر میں یوم پاکستان منایاگیا

83

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے تحت27رمضان المبارک کو یومِ پاکستان اور جشن نزول قرآن کراچی تا کشمور سندھ بھر میں بھرپور طریقے سے منایاگیا، کراچی، سکھر، لاڑکانہ،ٹھٹھہ، جیکب آباد،میرپورخاص اور نوابشاہ سمیت سندھ بھر میں اس حوالے سے منعقدہ تقریبات سے جماعت اسلامی کے مرکزی،صوبائی وضلعی ومقامی قائدین، علمائے کرام ودانشوروں نے قیام پاکستان کے حوالے سے بانی قائد اعظمؒ سمیت تحریک پاکستان کے رہنمائوں کی جدوجہد اور شہدا کی قربانیوں پر اظہار خیال کیا۔ صوبائی دفتر قبا آڈیٹوریم میں اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد مسلم نے کہا کہ رمضان شریف جنگ بدر وفتح مکہ سے لیکر یومِ باب الاسلام تک مسلمانوں کی فتوحات وکامیابیوں کا مہینہ ہے،نزول قرآن اور قیام پاکستان کا انعام بھی اس سلسلے کی کڑی ہے۔کلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آنے والی مملکت خداداد پاکستان پوری امت کے لیے امید کی کرن ہے، قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کی تکمیل کے بجائے غیروں کی غلامی اور اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی اس نعمت کی بے قدری کی وجہ سے آج وطن عزیز مہنگائی، بیروزگاری ،کرپشن اور معاشی بدحالی سمیت بے شمار مسائل سے دوچار ہے، یومِ پاکستان اور نزول قرآن اس بات کا متقاضی ہے کہ ہمیں اس ملک میں اسی نظام اور قانون کو نافذ کرنا ہوگا ، اسلام وپاکستان ایک دوسرے کیلیے لازم وملزوم ہیں۔قرآن ایک انقلابی کتاب ہے جنہوں نے اسے اپنی زندگی کا دستورعمل بنایا وہ دنیا کے امام بن گئے، جن قوموں نے اس کی دعوت سے منہ موڑ لیا ذلت ورسوائی ان کا مقدر بن گئی۔ تقریب سے ناظم عمومی مولانا محمد دین منصوری اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے بھی خطاب کیا۔