ڈیڑھ لاکھ ٹائیگرفورس عید کے بعد کام شروع کردے گی، گورنر سندھ

127

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ میں ایک لاکھ 57 ہزار سے زائد افراد نے ٹائیگر فورس کیلیے رجسٹریشن کروائی جو کہ عید الفطر کے فوراً بعد صوبے بھر میں کام شروع کردے گی، ابتدا میں اس فورس کو احساس سینٹرز اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر تعینات کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت ٹائیگر فورس کو استعمال نہیں کر رہی تو یہ بدقسمتی ہے۔ حکومت سندھ نے ٹائیگر فورس کی خدمات لینے سے انکار کیا ہے اس لیے وزیراعظم نے مجھے ذمے داری دی ہے کہ میں ٹائیگر فورس کو ساتھ لے کر چلوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے اراکین اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر کوئی چیز مہنگی تو نہیں بیچی جا رہی جبکہ احساس سینٹر پر رقوم کے حصول کیلیے آنے والے افراد کو بھی ٹائیگر فورس مدد فراہم کرے گی۔ ٹائیگر فورس میں وہ لوگ ہیں جن کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں اور یہ صرف اور صرف خدمت کے جذبے کے تحت آگے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے انکار کے بعد دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر اسے استعمال میں لائیں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس فورس کیلیے طلبہ، صحافی، آرمڈ فورسز اور میڈیکل ورکرز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے رجسٹریشن کروائی ہے ۔