مظفرآباد(صباح نیوز)وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے امریکی اخبار کی سیز فائر لائن کے نزد یک کمیونٹی بنکرز کی رپورٹ جھوٹ کا پلندا ہے، کمیونٹی بنکرز میں خواتین کی بے حرمتی کے حوالے سے نیویارک ٹائمز کی رپورٹ’خیالی کہانی ‘ ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ آزادکشمیر کے معاشرے میں خواتین کو جو اعلیٰ مقام حاصل ہے وہ یورپ اور امریکا میں بھی نہیں ۔ امریکی اخبار کو فرضی رپورٹس کے بجائے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر فوکس کرنا چاہیے جہاں بھارتی فوج معصوم لوگوں کو قتل کررہی ہے، انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کی 30فیصد آبادی 750کلو میٹر سیز فائرلائن پر بھارتی فائرنگ کے باوجود اطمینان سے زندگی بسر کررہے ہیں ۔بھارت کی جانب سے سیز فائر لائن کی خلاف ورزی کا رپورٹ میں کوئی ذکر نہیں کیا گیا اور نہ ہی بھارتی فوج کا اصل چہرہ دکھایا گیا۔ نیویارک ٹائمز کے نمائندے نے من گھڑت ، بے بنیاد رپورٹنگ کی ۔انہوںنے کہاکہ آزادجموں وکشمیر میں خواتین کو انتہائی عزت اور تکریم کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ، سیز فائرلائن پر آبادکشمیری خواتین کی عصمتوں کی حفاظت اور ان کو بھارتی اشتعال انگیزی سے بچانے کے لیے اپنی جانیں بھی دائو پر لگا دیتے ہیں ۔