وفاق نے ٹڈی دل کے خاتمے کیلیے کوئی اسپرے نہیں کیا‘سندھ حکومت

82

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے کہا ہے کہ وفاق نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے ابھی تک سندھ کے کسی بھی ضلع میں فضائی اسپرے نہیں کیا۔ وزیرزراعت محمد اسماعیل راہو نے اپنے بیان میں کہا کہ اس ماہ محکمہ زراعت صوبے میں 22 ہزارایکٹرز اسپرے کر چکا ہے اور سندھ میں 57 لاکھ 78 ہزارایکٹرز پر سروے کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ پنجاب میں 6 ہزار 7 سوایکٹرز اور بلوچستان میں 1535 ایکٹرز پر فضائی اسپرے کیا گیا ہے، وفاق نے سکھر کے مقام پر فضائی اسپرے کے لیے 50 سال پرانا ائرکرافٹ بھیجا ہے، ملک میں ایک ہی پائلٹ ہے جو پنجاب میں اسپرے کے بعد سندھ اور بلوچستان میں آکراسپرے کرے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ مہینوں میں ٹڈی دل سے سب سے زیادہ خطرہ سندھ کو لاحق ہے، جون میں نہ صرف پنجاب اور بلوچستان سے بلکہ بھارت ، ایران اور یمن سے ہزاروں غول سندھ میں داخل ہوںگے۔اگر وفاق کا یہی رویہ رہا تو سندھ میں زراعت کو اربوں روپے کا نقصان ہوگا۔ اسماعیل راہو نے کہا کہ اب تک وفاق نے ہمیں صرف5 ٹیمیں فراہم کی ہیں، ہم اپنی مدد آپ کے تحت اسپرے کررہے ہیں، محکمہ زراعت کی25 گاڑیاں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے مختلف اضلاع میں اسپرے کررہی ہیں، محکمے کی98 ٹیمیں سروے، اسپرے اور کاشتکاروں کی رہنمائی کے لیے موجود ہیں۔ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے سندھ کی مدد کرنے پر پاک فوج کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں گھوٹکی اور کشمور کندھکوٹ ضلع ٹڈی دل سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔