پنجاب میں شاپنگ سینٹرز رات10بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت

113

لاہور(نمائندہ جسارت)حکومت پنجاب نے عید تک شاپنگ مالز اور مارکیٹوں کے کھلنے کا دورانیہ بڑھادیا۔وزیر تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی منظوری کے بعد کاروبار کھولنے کے اوقات میں اضافے کا باضابطہ اعلان کردیا۔میاں اقبال اسلم نے بتایا کہ اب شاپنگ مالز کے اوقات کار شام 5 بجے سے بڑھا کر رات 10 بجے تک کردیے گئے ہیں۔ بازار اور مارکٹیں بھی عید تک رات دس بجے تک کاروبارکرسکیں گی۔وزیر تجارت پنجاب نے مزید کہا کہ آج سے صوبے بھرمیں مزارات بھی کھول دیے جائیں گے جہاں زائرین کو 24 گھنٹے داخلے کی اجازت ہوگی۔خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے 9 مئی سے ملک بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد چھوٹے کاروبار کو ہفتے میں پانچ دن کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔اس کے بعد سپریم کورٹ آف پاکستان نے کورونا از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران حکم جاری کیا کہ کاروبار ہفتے اور اتوار کو بھی کھولے جائیں اور ساتھ ہی بڑے شاپنگ مالز بھی کھول دیے جائیں۔اب پنجاب حکومت نے کاروبار کا دورانیہ بھی رات 10 بجے تک بڑھادیا ہے۔ اس سارے معاملے میں سندھ وہ واحد صوبہ ہے جو لاک ڈاؤن میں نرمی کی مسلسل مخالفت کررہا ہے تاہم سپریم کورٹ کے حکم پر سندھ میں بھی شاپنگ مالز کھول دیے گئے ہیں۔