یوم القدس پر مقبوضہ کشمیرمیں بھارت اور اسرائیل مخالف مظاہرے

112

سری نگر (اے پی پی) جمعۃ الوداع یوم القدس ویوم کشمیر کے موقع پر لوگوں نے سری نگر ، بڈگام ، اسلام آباد ، پلوامہ اور دیگر علاقوں میں زبردست بھارت اور اسرائیل مخالف مظاہرے کیے۔ یہ دن منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی تھی ۔مظاہرین نے آزادی کے حق میں اور بھارت اور اسرائیل کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کیے۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںنے متعدد مقامات پر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پیلٹ گنز اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جس سے متعدد افرادزخمی ہوگئے۔ مظاہروں کے دوران کئی افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ضلع پلوامہ میں 2اورکشمیری نوجوانوں کوگرفتار کرلیاہے۔ فوجیوںنے ان نوجوانوں کو پلوامہ میںتلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔ادھر بھارتی فوجیوں اورپولیس اہلکاروںنے سری نگر ، گاندربل ، بڈگام ، کپواڑہ ، بارہمولہ ، بانڈی پورہ ، اسلام آباد ، پلوامہ ، شوپیاں ، کولگام ، رام بن ، کشتواڑ ، ڈوڈا ، راجوری ، پونچھ ،سانبہ ، کٹھوعہ اور جموں کے دیگر مسلم علاقوں کے مختلف دیہات ، محلوں اور شہروں میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاںجاری رکھیں۔پلوامہ کے علاقے پریچوگائوںمیں ایک پولیس اہلکار کے قتل کے بعد کریم آباد کا محاصرہ کرکے تلاشی شروع کی جس کے خلاف مقامی افرادنے باہر نکل کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بھارتی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر پیلٹ گنز اور آنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔دریں اثنا یوم القدس کے موقع پر جاری ایک پیغام میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے دنیا بھر کے مسلمانوں پرزوردیا ہے کہ وہ فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کی اسرائیل اور بھارت کی فسطائی حکومتوں سے آزادی کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔ سید علی گیلانی نے مسلمانوں کو یاد دلایا کہ وہ خاموشی کی فضا پیدا کرکے دنیا کو فلسطین کے مسئلے کو فراموش نہ کرنے دیں۔ انہوں نے دنیا بھر کے مسلمانوں کی توجہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی طرف بھی ایک ایسے وقت مبذول کرائی جب بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کررہی ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سری نگر میں ایک بیان میں صیہونی ریاست اسرائیل سے آزادی کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے والے فلسطین کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے جو فلسطین کے مسئلے کاحتمی حل ہیں۔علاوہ ازیںحریت رہنما جہانگیر غنی بٹ ایک وفد کے ہمراہ سری نگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما محمد اشرف صحرائی کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے بیٹے جنید صحرائی کی شہادت پر اظہار یکجہتی کیا۔ جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے رہنمائوں مختار احمد وازہ ، احمد راتھر اور سید اعجاز رحمانی نے ایک تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ اشرف صحرائی کی شخصیت مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے قابل فخر اور مشعل راہ ہے۔