پشاور(آن لائن)کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے طور پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سمیت پوری صوبائی حکومت نے عیدالفطر کا تہوار سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے خود احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے عید کی چھٹیوں میں اپنے آبائی گاؤں نہ جانے، عید اپنی سرکاری رہائش گاہ پر منانے اور کسی سے عید نہ ملنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محمود خان نے تمام صوبائی وزرا، مشیروں اور معاونین خصوصی کو بھی عید سادگی سے منانے اور کسی سے عید نہ ملنے کی ہدایت کی ہے۔ جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے تمام منتخب عوامی نمائندوں، سیاسی و مذہبی رہنماؤں اور عمائدین پر زور دیا کہ وہ خود بھی عید سادگی سے منائیں اور دوسروں کو بھی اس کی تلقین کریں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خود کو اور دوسروں کووبا سے بچانے کے لیے عید کے دنوں میں احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔علاوہ ازیں اجمل خان وزیرنے کہا کہ تمام اوورسیز بھائیوں کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں اورحکومت ان کو ہر قسم کا تعاون فراہم کر رہی ہے۔