عید الفطر انتہائی سادگی سے منائی جائے، مشیر اطلاعات پختونخوا

134

پشاور (اے پی پی)مشیر اطلاعات اجمل خان وزیر نے کراچی طیارہ حادثے پر انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحے پر وزیراعلیٰ محمود خان سمیت پوری صوبائی حکومت اور پوری قوم غمزدہ ہیاور انتہائی دکھی ہے، ہم حادثے میں شہید ہونے والوں کے بلند درجات اور لواحقین کے صبر جمیل کیلیے دعا گو ہے۔ اطلاع سیل سول سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اجمل وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے پہلے ہی کورونا وبا کی وجہ سے عید سادگی کے ساتھ منانے کی ہدایت کی ہے، اب طیارہ حادثے کی وجہ سے شہید ہونے والوں کی یاد میں عید انتہائی سادگی کے ساتھ منائی جائے۔ حکومتی سطح پر عید کے موقع پر کوئی سرکاری اجتماعات منعقد نہیں کیے جائیں گے، عوام سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ اس عید پر غیر ضروری اجتماعات سے پرہیز کریں اور گھروں پر رہیں۔ زندگی رہی تو عید بار بار آئے گی، خدانخواستہ کورونا نے خطرناک صورتحال اختیار کرلی تو پھر نہ عید ہوگی اور نہ عید کی خوشیاں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اور اپنے پیاروں کی خاطر احتیاط کریں کیونکہ یہ بیماری کسی کے پیچھے گھر نہیںآتی جب تک آپ خود باہر جاکر اسے گھر نہیں لاتے۔