کراچی ایئرپورٹ کی ہائی وے پر منتقلی زیرغور ہے، گورنرسندھ

1250

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی ائیرپورٹ کو آبادی کے درمیان سے ہائی وے کی طرف منتقل کرنے پر کام ہو رہا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر تحقیقاتی کمیٹی بنادی گئی ہے،تحقیقاتی رپورٹ عوام کے سامنے لاکر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ ائیر پورٹ کے پاس 4،4 منزلہ عمارتیں بن رہی ہیں،یہ مافیا پورے کراچی میں اپنی کارروائیاں کر رہا ہے۔

ائیر پورٹ کے اطراف زیر تعمیر عمارتوں کا کام رک جانا چاہیے۔اس حوالے سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) اور متعلقہ اداروں سے بھی پوچھا جائے گا۔

انہوں نےکہاکہ میتوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے کی ٹیم جامعہ کراچی میں اپنا کام کر رہی ہے۔جو مکانات تباہ ہوئے ہیں ان کے رہائشیوں کو ہوٹل میں رہنے کا کہا ہے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی ائیرپورٹ آبادی میں ہے اور اسے ہائی وے کی طرف منتقل کرنے پرکام ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل لاہور سے کراچی آنے والی قومی ائیرلائن کی پروازپی کے 8303 جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی جس سے 97 افراد جاں بحق جب کہ صرف دو افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔