مقبوضہ کشمیر میں مزید 2نوجوان شہید‘ مظاہرے‘ جھڑپیں‘گرفتاریاں۔بھارت تحمل کو کمزوری نہ سمجھے‘ پاکستان

180

سرینگر/ملتان(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے مزید 2نوجوان شہید کردیے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی ضلع کولگام میںکی گئی ۔قابض فوجیوں نے نوجوانوںکو ضلع کے علاقے دمحال ہانجی پورہ میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران نشانہ بنایا۔ آپریشن بھارتی فوج ، پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور بھارتی پولیس نے مشترکہ طورپر کیا۔ دریں اثناء قابض بھارتی حکام نے کولگام اور شوپیاں اضلاع میں تمام موبائل انٹرنیٹ سروسز معطل کردی ہیں۔مقبوضہ وادی کے مسلمانوں نے عید الفطر بھی بھارت کی طرف سے نافذ سخت فوجی محاصرے میں گزارا۔نمازعیداوربھارت مخالف مظاہروںسے روکنے کے لیے مقبوضہ علاقے میں سخت پابندیاںعاید کی گئیں، جگہ جگہ بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے۔اس کے باوجودہ لوگوںنے سرینگر، پلوامہ ،اسلام آباد، شوپیاں ، بڈگام اور دیگر علاقوں میں زبر دست بھارت مخالف مظاہرے کیے ۔ انہوںنے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مختلف مقامات پر مظاہرین کے خلاف طاقت کاوحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں فورسز اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں ۔اس دوران متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ بھارتی فوجیوں نے بڈگام اور پلوامہ کے علاقوں سے درجنوں نوجوان گرفتار کرلیا۔ادھر پاکستان نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ ہمارے تحمل اور امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھائے ۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کو یہ واضح طورپر جان لینا چاہیے کہ اس کی جانب سے کسی قسم کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے فون پر بات کی ہے اور انہیں تمام صورتحال سے آگاہ کیا ہے، اقوام متحدہ کے سربراہ کو بتایا ہے کہ بھارت دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے وا لے مظالم سے ہٹانا چاہتا ہے، انہیں بھارت کے فالس فلیگ آپریشن سے بھی آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسلامی کانفرنس تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے بھی بات کی ہے اورانہیں بھارت کے اسلاموفوبیا سے آگاہ کیا ہے اور انہیں بتایا ہے کہ بھارت میں کوروناوائرس کے دوران بھی مسلمانوں کو نشانہ بنایاجارہاہے،اسلامی کانفرنس تنظیم کو اس سلسلے میں اپنا کردارادا کرنا چاہیے ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ عید کے بعدایک اعلی سطح کا اجلاس بلایا جائے گا تاکہ پاکستان کے خلاف بھارت کے مذموم عزائم کا مقابلہ کرنے کے لیے لائحہ عمل مرتب کیا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارت بلوچستان میں بدامنی پیدا کرناچاہ رہا ہے،پاکستان کے پاس اس حوالے سے خفیہ معلومات ہیں کہ بھارت بلوچستان میں مختلف قوتوں کی پشت پناہی کررہاہے ، خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقے اورافغانستان سے منسلک بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں بھارت کی سرگرمیوں سے پاکستان بے خبر نہیں ہے۔