محنت کشوں کو حکومت سے لڑانے کی سازش کی جارہی ہے‘خالدخان

131

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان سے عید کے دن ان کی رہائش گاہ پر کورنگی ،لانڈھی ،سائیٹ،بن قاسم ودیگر صنعتی علاقوںکے محنت کشوں کے وفود نے ملاقاتیں کیں اور خالد خان کی گرفتاری پران سے یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ این ایل ایف نے محنت کشوں کی آواز بن کر ثابت کر دیا ہے کہ این ایل ایف ہی محنت کشوں کی حقیقی ترجمان ہے۔ خالد خان نے کہاکہ سندھ حکومت کی یقین دہانی کے باوجود صنعت کاروںاور کارخانے دار مالکان کی جانب سے محنت کشوں کو تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی جارہی ہیں اور محنت کشوں کو حکومت کے ساتھ لڑانے کی سازش کی جارہی ہے ۔ محنت کشوں نے خالد خان کوصنعتی علاقوں میں ٹھیکیداری او ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے محنت کشوں کی جبری برطرفیوں اور انہیں تنخواہیں ادا نہ کیے جانے پرتمام صورت حال سے آگاہ کیا ۔خالد خان نے بھی اپنی اور این ایل ایف کی جانب سے محنت کشوں کے رہنمائوں کو عید کی مبارک باد پیش کی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خالد خان نے کہا کہ این ایل ایف پہلے دن سے محنت کشوں کے ساتھ ہونے والی پریشانی اور مشکلات کے خلاف آوازاٹھا رہی ہے ۔