علامہ غلام رسول راشدی نے اپنی زندگی اللہ کے دین کی اشاعت کیلیے وقف کر رکھی تھی

169

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی ٗجنرل سیکرٹری سید عزیر حامد ٗ نائب اُمراء شیخ مسعود احمد ٗ رضا احمد شاہ ٗچوہدری منیر احمد ٗ چودھری سرفراز احمد ٗ ضیا اللہ چوہان ٗ ڈپٹی جنرل سیکرٹریز محمد طارق رضا ٗ راجہ ممتاز حسین ٗ جاوید اختر ٗ چوہدری ظفر یاسین ٗ ملک عمران ٗعبدالعزیز اعوان اور سیکرٹری اطلاعات ملک محمد اعظم نے ممتاز عالم دین اور ناظم اعلیٰ جمعیت اتحادالعلماء پاکستان علامہ غلام رسول راشدی کی وفات پر دلی رنج و غم اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک مشترکہ تعزیتی بیان میں انہوں نے علامہ غلام رسول راشدی کی دینی ٗ علمی اور سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نے اپنی ساری زندگی اللہ کے دین کی اشاعت و تبلیغ کے لئے وقف کر رکھی تھی۔ ان کی گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وہ بانی جماعت اسلامی مولانا سید ابو الاعلیٰ مودود ی ؒ کے دیرینہ ساتھیوں میں سے تھے۔انہوں نے مولانا گلزار احمد مظاہری ؒ ٗ مفتی سیاح الدین کاکا خیل ؒ ٗ علامہ عبدالرشید ارشدؒ ٗمولانا گوہر رحمن ؒ ٗعلامہ عنایت اللہ گجراتی ؒ اور دیگر جید علما کرام کے قافلے میںشریک ہو کر تحریک اقامت دین کی جدوجہد میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے ۔وہ ایک جید عالم دین اور اعلیٰ پائے کے خطیب تھے۔ انہوں نے اللہ کے دین کو لوگوں تک پہنچانے کے لیے ملک کے طول و عرض اور قریہ قریہ جا کر اپنا دینی فریضہ ادا کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے دُعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ علامہ غلام رسول راشدی کی مغفرت فرمائے ۔ان کی حسنات کو قبول و منظور فرمائے اور بشری کمزوریوں اور لغزشوں سے صرف نظر فرمائے۔ جنت الفردوس میں اعلیٰ علیین کے ساتھ مقام عطا فرمائے۔ جملہ پسماندگان اور سوگواران کو اس صدمہ پر صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائے۔