کورونا وبا سے عام پاکستانی معاشی طور پر کمزور ہوگیا ہے ،عتیق الرحمن

147

پشاور(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی پشاور کے امیر عتیق الرحمن نے ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ کورونا وبا نے عام پاکستانی کو معاشی طورپر مزید پیچھے دھکیل دیا ہے۔ پچھلے سال کے معاشی حالات اور مہنگائی نے لوگوں کو کمزور کیا تھا لیکن اس وبا کی وجہ سے بڑی مشکل سے سفید پوشی کا بھرم رکھنے والے درمیانے اور نچلے طبقے کو معاشی طورپر زمین بوس کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 48دن کے لاک ڈائون نے بازار میں ترسیل ورسد کو شدید متاثر کیا۔ اب اچانک بازار میں رش بڑھ جانے کی وجہ سے ضروری اشیا عوام کی قوت مزید سے باہر نکل چکی ہیں۔ حکومت کو اس سارے معاملے کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔ آئندہ ماہ تیار ہونے والے آئندہ سال کا بجٹ عوام کو سہولت کے بنیادی اصول پر تیار کیا جائے۔ روزمرہ استعمال کی اشیا ، غذائی اجناس ، ایندھن اور خصوصاً بجلی وگیس کو سستا کیا جائے۔ جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں کو جنوری 2018ء کی سطح پر واپس لایا جائے۔حکومت نے نیا بجٹ بناتے ہوئے اگر آئی ایم ایف کی پالیسی کو بنیادی اصول قرار دیا تو عوام 2019ء کی مہنگائی ، کورونا لاک ڈائون اور نئے آئی ایم بجٹ کی وجہ سے زندگی گزارنے کے قابل نہیں رہیں گے۔ معاشرے میں بے چینی و اضطراب دن بدن بڑھتا جاریا ہے ۔ ذہنی تنائو بڑھنے کی وجہ سے روزمرہ قتل مکالتوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور اسٹریٹ کرائمز کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔ حکومت کو اس ساری معاشرتی وسماجی صورتحال کو سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے اور معاشی طورپر عوام کو ریلیف دینے کے لیے نئے بجٹ کو عوامی سہولت کے بنیادی اصول پر ترتیب دینا چاہیے۔