راولپنڈی(خبر ایجنسیاں)پاک فوج کی جانب سے یوم تکبیر کے حوالے سے پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں ایٹمی صلاحیت کے حصول کیلیے کوششیں کرنے والے تمام افراد ،ایٹمی پروگرام کے خالق، سائنسدانوں اور انجینئرز کو سلام پیش کیا گیا ہے۔ترجمان پاک فوج میجرجنرل بابر افتخار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 28مئی کوپاکستان نے ایٹمی دھماکے کرکے خطے میں طاقت کے توازن کو بحال کیا۔یوم تکبیر کے حوالے سے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر) میجرجنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ پاکستان نے 28 مئی 1998 کو کامیابی سے ایٹمی تجربات کیے اور قابل اعتبار دفاعی صلاحیت حاصل کی۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ایٹمی صلاحیت کے حصول کیلیے کوششیں کرنے والے تمام افراد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایٹمی پروگرام کے خالق،سائنسدانوں اور انجینئرز کو بھی سلام پیش کرتے ہیں، پاکستان زندہ باد۔پاکستان کو ایٹمی قوت بنے 22 سال مکمل ہوگئے اور اسی مناسبت سے گزشتہ روز ملک بھر میں یومِ تکبیر منایا گیا۔یوم تکبیر ہر سال 28 مئی کو منایا جاتا ہے اور یہ وہ یادگار دن ہے جب پاکستان دنیا کے سامنے پہلی اسلامی ایٹمی قوت بن کر ابھرا اور پاکستان نے ایٹمی تجربات کرکے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنادیا۔بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے دورِ حکومت میں پاکستان نے 28 مئی 1998 کو بلوچستان کے علاقے چاغی کے مقام پر 5 کامیاب ایٹمی دھماکے کیے جس کے بعد اس دن کو ’یوم تکبیر‘ کے نام سے یاد رکھا جاتا ہے۔