مقبوضہ کشمیر، قابض فوج کا تلاشی آپریشن جاری، کار کو دھماکے سے اڑا دیا

91

سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میںبھارتی فوجیوں نے ضلع پلوامہ میں ایک کار کو دھماکے سے اڑا دیا اور متعدد مکانات کو نقصان پہنچایا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع کے علاقے راج پورہ میں 44 راشٹریہ رائفلز ، بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس کے اہلکاروںنے تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران ایک شخص پر گولیاں چلائی تاہم اندھیرے کی وجہ سے وہ محفوظ رہا ۔ بعدازاںفوجیوں نے علاقے میں ایک کار کو دھماکے سے اڑا دیااورمتعدد مکانوں کو نقصان پہنچایا اور گھروںکی کھڑکیاں توڑ دیں۔ ادھر بھارتی فوجیوں نے کولگام ، اسلام آباد ، شوپیان ، پلوامہ ، کپواڑہ ، بارہمولہ ، بانڈی پور ، گاندربل ، بڈگام اور دیگر علاقوں میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی شروع کی ہے۔علاوہ ازیں قابض انتظامیہ نے آزادی پسند کشمیریوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کے لیے4 جی انٹرنیٹ سروس پر پابندی میں توسیع کردی ہے۔ جبکہ مقبوضہ کشمیر میںہائی کورٹ نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبد القیوم کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت غیر قانونی نظربندی کالعدم قراردینے سے متعلق اپیل خارج کر دی ہے۔