کپواڑہ سے 2 نوجوان گرفتار ، اتر پردیش میں2کشمیری طلبہ پرمقدمہ درج

90

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے شمالی ضلع کپواڑہ سے دو کشمیری نوجوان گرفتار کر لیے ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پولیس نے آصف احمد ڈاراور مزمل احمد پیر نامی نوجوانوں کو ضلع کے علاقے پنڈٹ پورہ کرالہ گنڈ سے گرفتار کیا۔ بھارتی پولیس نے گرفتار نوجوانوںپرایک مجاہد تنظیم کے کارندے ہونے کا الزام عاید کیا ہے۔علاوہ ازیں بھارتی ریاست اتر پردیش کی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں زیر تعلیم دو کشمیری طلباء کے خلاف فیس بک پوسٹ کیوجہ سے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ ثاقب رسول بٹ اورشیخ عرفات نامی دو طلباء کی طرف سے فیس بک پر بھارت کے خلاف اور پاکستان کے حق میںایک پیغام اپ لوڈ کرنے کے بعد انکے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔ رپورٹ کے مطابق طلباء نے اپنی فیس بک پوسٹوں میں پاکستان کو اپنا آبائی وطن قرار دیاہے۔ اترپردیش کے ضلع علی گڑھ کے اتراولی تھانے میں کشمیری طلباء کے خلاف مقدمہ ہندوتوا کے ایک مقامی سیاست دان دیپک شرما آزاد کی ایک تحریری شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا۔