کراچی/راولپنڈی(اسٹاف رپورٹر+مانیٹرنگ ڈیسک)محکمہ تعلیم سندھ نے سندھ بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو مزید بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔محکمہ تعلیم سندھ نے سوشل میڈیا پر تعلیمی ادارے یکم جون سے کھلنے کی افواہوں کے تناظر میں واضح نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس میں کیا گیا ہے کہ 12 مئی کو اسٹیئرنگ کمیٹی کے منعقدہ اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں تعلیمی ادارے یکم جون سے نہیں کھلیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق کوئی بھی فیصلہ کورونا وائرس کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہی کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ میں پہلی سے آٹھویں جماعتوں تک طلبہ کو براہ راست ترقی دے دی گئی ہے۔وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس وقت تعلیمی اداروں کو کھولنے کی حتمی تاریخ دینے کی پوزیشن میں نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اسکولز تو معیاری ضابطہ کار (ایس او پیز) پر عمل درآمد کرلیں گے لیکن اسکول وینز میں عمل درآمد نہیں ہوسکے گا۔سعید غنی نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نجی تعلیمی اداروں کو بلا سود قرضے، مالی معاونت فراہم کرنے کی پوزیشن میں نہیں، اگر وفاق چاہے تو تعلیمی اداروں کی مالی مدد کرسکتا ہے۔ادھر آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے نجی اور حکومتی تعلیمی اداروں کو فوری کھولنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتہ کے اندر وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو عدالتوں کا رخ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث دیگر شعبوں کی طرح 2 لاکھ نجی تعلیمی ادارے متاثر ہوئے ہیں، تعلیمی اداروں کی بندش سے 15لاکھ تدریسی اور 5لاکھ غیر تدریسی افراد کا روزگار شدید متاثر ہوا ہے۔تنظیم کے صدر ملک ابرار حسین نے کہا کہ حکومت میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات منسوخ کر کے ملک کے ذہین طلبہ کا غیر قانونی طور پر ناقابل تلافی نقصان کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بندش سے تعلیمی نصاب بروقت مکمل نہیں ہو سکے گا جبکہ تعلیمی اداروں کی بندش سے نوبت فاقوں تک پہنچ گئی ہے۔ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں کو مناسب ایس او پیز کے تحت فوری کھولنے کا حکم دیا جائے۔علاوہ ازیں سندھ میں آن لائن ٹیکسی سمیت پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کے لیے درکار معیاری ضابطہ کار (ایس او پیز) تیار کرلیے گئے۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے سے متعلق فیصلہ کل ٹاسک فورس میں ڈاکٹرزکی ہدایات کی روشنی میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سماجی دوری کے اصول پر عملدرآمد کے ساتھ اور سینی ٹائزیشن کے ساتھ ٹرانسپورٹ کھولنا چاہتے تھے۔اویس شاہ نے بتایا کہ آن لائن بس اور ٹیکسی سمیت پبلک ٹرانسپورٹ کے ایس او پیز تیار کرلیے گئے ہیں، ڈاکٹرز کی ہدایات کی روشنی میں اگر اجازت ملی تو فاصلہ اور احتیاط ضروری ہوگی۔