صدر آزاد کشمیر سے راجا فاروق حیدر کی ملاقات‘اہم امور پر گفتگو

99

مظفرآباد (اے پی پی) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان سے وزیراعظم آزا د کشمیر راجا فاروق حیدر خان کی ایوان صدر مظفرآباد میں ملاقات ہوئی ۔ ملاقات میں صدر اور وزیراعظم نے لداخ میں بھارت اور چین کے درمیان سرحدی کشیدگی اور اس کے جموںو کشمیر پر پڑنے والے اثرات ، تنازع کشمیر کے حوالے سے عالمی منظر نامہ ، مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم ، بھارتی حکومت کی طرف سے نئے ڈومیسائل قوانین کے نفاذ کے مضمرات اور آزادکشمیر میں کورونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سمیت دیگر قومی اہمیت کے امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر اور وزیر اعظم نے کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے لاک ڈائون ، وبا کے پھیلائو کو روکنے کے لیے حکومتی اقدامات اور وبا پر قابو پانے کے لیے عوامی تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ کورونا وائرس پر مکمل طور پر قابو پانے تک تمام ضروری حفاظتی اقدامات پر بھرپور توجہ دی جائے گی اور انسانی جانوں کی حفاظت کے سلسلے میں کسی قسم کی سستی اور غفلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔رہنمائوں نے لداخ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا ذمے دار بھارت کو قرار دیا،انہوں نے بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بھارت ایک جانب پاکستان کو جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے اور دوسری جانب نیپال کی سلامتی اور علاقائی خود مختاری میں مداخلت کر رہا ہے اور اب سکم تبت سرحد پر لداخ کے ناکولا کے علاقے میں چینی فوج کے ساتھ بھارتی فوج کے غیر مسلح تصادم نے ثابت کر دیا ہے کہ بھارت خطے میں امن کے لیے بڑا خطرہ ہے ۔