حکومت شوگر مافیا کو تحفظ دے رہی ہے ‘ شاہد خاقان عباسی

103

راولپنڈی (صباح نیوز) سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت شوگر مافیا کو تحفظ دے رہی ہے‘ جو حکمران چینی بحران کو ہی قابو نہیںکرسکے وہ کورونا وائرس کوکیا کنٹرول کریںگے۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس چینی بحران کے اصل ذمے دار عمران خان، عثمان بزدار، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور اسد عمر ہیں‘ آپ کو ان کا نام چینی انکوائری کمیشن کی رپورٹس میں نہیں ملے گا‘ برآمد سے پہلے چینی کی قیمت55 روپے70 پیسے تھی اور آج 90 روپے ہے جو 34.30 روپے کا اضافہ ہے‘ چینی کی قیمت 60 فیصد بڑھ گئی ہے اور مل مالکان اس پر اضافی180ارب روپے کا منافع حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر روز کوئی کرائے کا آدمی آکر پریس کانفرنس کرتا ہے لیکن وزیراعظم اور کابینہ اراکین کیوں نہیں بولتے؟ عوام آج بھی90 روپے فی کلو چینی خریدنے پر مجبور ہیں ۔ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ جس دن سے کمیشن بنا ہے چینی کی قیمت میں مزید 20 فیصد اضافہ ہوچکا ہے‘ یہ حکومت کمیشن سے بھی نہیں گھبراتی کہ اس دوران بھی قیمت بڑھ گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شوگر مافیا کو تحفظ دے رہی ہے جو کابینہ اور عمران خان کے گھر اور پاکستان تحریک انصاف میں بیٹھا ہوا ہے ۔