انسداد کورونا کیلیے احتیاطی تدابیرپر عمل درآمد یقینی بنائے‘اجمل وزیر

113

پشاور (اے پی پی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ اجمل خان وزیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کوروناوبا کے حوالے سے حکومتی وضع کردہ قواعد وضوابط پر عمل درآمد یقینی بنائے،وبا سے عوام اورصحافیوں سمیت ڈاکٹرز وطبی عملہ ودیگر کی اموات ہوچکی ہے بلکہ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹرز اور طبی عملہ وسائل کی کمی کے باوجود خدمات سرانجام دے رہے ہیں ، وزیراعلیٰ محمود خان کی قیادت میں خیبر پختونخوا کی پوری مشینری فعال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کوروناوباکے تمام تر حکومتی گائیڈ لائنز پر من و عن عمل درآمد کیا جا رہا ہے جو خوش آئند بات ہے اور جب ہی سے کورونا وبا کی بحرانی صورت حال شروع ہوئی اس وقت سے ہی سے خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا کو شکست دینے کا فیصلہ کیا ۔شہری اس مہلک وبا سے خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، اپنے روز مرہ کے معمولات میں زیادہ سے زیادہ احتیاط برتیں ، غیر ضروری طور پراپنے گھروں سے نکلنے سے گریز کریں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر رش لگانے سے اجتناب کریں ، سماجی فاصلوں کے اصولوں اور دیگر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ اجمل وزیر نے لاک ڈاؤن سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں کہا کہ ایک طرف عوام کو کورونا سے تحفظ دینا ہے دوسری جانب معیشت کا پہیہ بھی چلانا ہے۔