پشاور (اے پی پی) خیبر پختونخوا کے وزیر محنت و ثقافت شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ عمران خان نے ریاست مدینہ کے لیے آواز بلند کی ہے‘ ختم نبوت پر سودے بازی یا اس کو چھیڑنے کا تصور بھی نہیں کر سکتے‘ ہمارا پختہ یقین ہے کہ حضرت محمدؐ آخری نبی ہیں‘ حکومت کے خلاف مسترد شدہ لوگ سازشیں کر رہے ہیں‘ مولانا فضل الرحمان پر مراعات بند ہونے کے بعد ان کی راتوں کی نیند حرام ہو چکی ہے‘ مولانا نے حکومتوں میں ہونے کے باوجود بھی ریاست مدینہ یا اسلامی فلاحی ریاست کی بات نہیں کی‘ شانگلہ کو پورے ملک سے جوڑنے اور عوامی مشکلات کے خاتمے کے لیے 2 ارب 80 کروڑ روپے کی لاگت سے سڑکوں کا جال بچھایا جا رہاہے‘ سیاحتی مقامات کو پرکشش بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شانگلہ کے علاقے برج بانڈہ اور کافر بانڈہ میں مختلف سڑکوں کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ریاست مدینہ کے لیے آواز بلند کی ہے‘ ملک کو فلاحی اسلامی مملکت بنائیں گے۔