کوروناوائرس کی شدت اور ہلاکتوںمیں اضافہ پر تشویشناک ہے

100

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر،جنرل سیکرٹری راشدمحمودنے کوروناوائرس کی شدت اور ہلاکتوںمیں اضافہ پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کوروناایس اوپیز پرعمل درآمدکو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے،عوامی سہولت کے لیے بازار اورشاپنگ پلازے کھل گئے ہیں لیکن کوروناوبا بھی پہلے سے کئی گناتیزی سے پھیلنا شروع ہوگیا ہے جو ایک تشویشناک امر ہے ۔چودھری عمرفاروق گجرنے کہاکہ کاروبار کھول دیا گیا ہے لیکن فی الحال یہ کاروبار صبح پانچ بجے سے شام پانچ بجے تک کھولنے کی اجازت ہے۔ دکانیں اور مارکیٹیں آٹھ بجے تک کھل رہی ہیں اور کچھ اسٹورز صبح پانچ بجے بھی کھل رہے ہیں۔ یہ انتظام کورونا اور لاک ڈائون کی وجہ سے کیا گیا ہے لیکن اگر ہمارے دکاندار اور حکمران مل کر طے کر لیں کہ دن کی روشنی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرکے بجلی کی بچت کی جائے تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں۔ یہ کہنا بے جا ہوگا کہ صبح صبح بازار کون جائے گا۔ ابتدا میں یہ سمجھا گیا تھا کہ کوئی نہیں آئے گا لیکن گاہکوں کو اشیا کی ضرورت ہے تو وہ صبح پانچ بجے بھی مارکیٹ کا رخ کر رہے ہیں ۔ شہروں میں تو ایک نحوست یہ تھی کہ دوپہر ساڑھے بارہ بجے سے پہلے مارکیٹوں میں رونق ہی نہیں ہوتی تھی۔ آدھی دکانیں کھلی ہوتی تھیں اور پھر دکاندار چاہتے تھے کہ رات دس بارہ بجے تک کاروبار چلے۔ یہی دکاندار کاروبار مندا ہونے کا بھی شکوہ کرتے رہتے تھے۔ اب کورونا نے دکاندار اور گاہک دونوں کو کم ازکم اتنا تو سکھا دیا ہے کہ دن کی روشنی میں بھی خرید و فروخت ہو سکتی ہے ۔ اللہ کرے حالات جلد ٹھیک ہوں لیکن اس بارے میں بھی غور کرنے کی ضرورت ہے۔ کچھ ضروری مارکیٹیں دیر تک یا 24 گھنٹے والی ہوتی ہیں وہ بھی ہر ضلع میں ایک دو ہونی چاہییں۔ کوئی نہ کوئی راستہ نکالنا چاہیے۔